قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے، والہانہ استقبال، پھول نچھاور

 میاں چنوں: (میڈیازا نیوز) اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

قومی ہیرو قافلے کی صورت میں آبائی علاقے پہنچے، میاں چنوں بائی پاس پر ارشد ندیم کے دوستوں اور اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، عوام کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

آبائی علاقے پہنچنے پر قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، شہر کے داخلی راستوں پر ویلکم ارشد ندیم کے پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے تھے۔

میاں چنوں پہنچنے پر مداحوں کی جانب سے ارشد ندیم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

آبائی شہر میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم نے کہا ہے کہ عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے، 2028 اولمپکس کی بھرپور تیاری کروں گا، مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔


گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزار ہوں، ملک اور پاکستانی عوام کی بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کیلئے دعائیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ استقبال کیلئے اپنے بیٹے کا گھر پر انتظار کر رہی ہوں، بیٹا گھر پہنچے گا تو ہم مل کر خوشیاں منائیں گے، بیٹے کی گھر آمد پر جو خوشی ہوگی اس کو بیان نہیں کر سکتی۔

                                                 میڈیازا نیوز ویڈیوز دیکھنے کہ لئے یہاں کلک کریں 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

حقائق کی جانچ کے ساتھ معتبر رپورٹنگ کسی چیلنج سے کم نہیں۔

ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگیوں کے لئے خطرناک

تمباکو نوشی کا بڑھتا استعمال: نسلوں کی تباہی کا سامان