فروری میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 16 فیصد بڑھ گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رپورٹ کیا ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) فروری میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد بڑھ کر 13 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ہو گئی 


 رپورٹ کے مطابق فروری میں یہ اضافہ جنوری کے مقابلے میں خوشگوار تبدیلی ہے، جب اس کی صورتحال خراب رہی تھی اور اس مد میں 17 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا خالص اخراج دیکھا گیا تھا۔

تاہم مجموعی طور پر منفی رجحان کے ساتھ رواں مالی سال 2024 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران (جولائی تا فروری) براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 17 فیصد تنزلی کے ساتھ 82 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی، زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ روایتی طور پر سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے چین کی جانب سے آنے والی ایف ڈی آئی میں 80 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔

رواں مالی سال کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد میں شدید اتار چڑھاؤ کا مشاہدہ کیا گیا، جس کی بنیادی وجہ سیاسی اور معاشی غیریقینی ہے، اب تک اس مد میں دسمبر میں سب سے زیادہ 21 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی رقم موصول ہوئی۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار غیر ملکی سرمایہ کاروں کے پچھلی دہائی کے مقابلے میں بہت کم دلچپسی کو ظاہر کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں بالخصوص مشرق وسطی سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے نئی باڈی کی تشکیل کی گئی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی