اسلام آباد: رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدلیہ میں مداخلت کی مذمت کرتے ہیں،ججز کا خط پاکستان کے انتظامی امور پر چارج شیٹ ہے
رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 2سال سے عدلیہ میں مداخلت کا کہتے چلے آرہے تھے، جج صاحبان کو بھی اللہ نے ہمت دی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ اور جوڈیشری میں مداخلت ہوئی ہے، ہم مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہر ایک جج کو پریشر میں لایا گیا ہے، جج صاحبان نے اپنے خط میں مداخلت کا لکھا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ٹیریان کا کیس بھی ہم میڈیا کے سامنے لاچکے تھے، اسلام آبادہائی کورٹ کے 6جج صاحبان پریشر سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک جج صاحبان نے کہا نہیں پتہ میرے بچے کہاں ہیں، ایک جج صاحب نے کہا میرے بیٹے کا ولیمہ مؤخر کرایا گیا، مطالبہ کرتے ہیں ججز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ جن ججز نے خط لکھا ان کے خاندان والوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں اس عمل کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے انکوائری ہو، سپریم کورٹ اس کی انکوائری فل اوپن کورٹ میں کرے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو منصف بیٹھے ہیں وہ اپنی داستان خود بتارہے ہیں، منصف خود انصاف کے طلبگار ہیں، خط کے پیرا 5میں لکھا ہے مداخلت ہوئی اور ہورہی ہے، یہ پی ڈی ایم حکومت کا کارنامہ تھا، پی ڈی ایم حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 200کیسز بنوائے، بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف تمام فیصلے دباؤ میں دیئے گئے ہیں۔
