اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 31 دسمبر تک آئی ایم ایف کا ہدف پورا کرنے کے لیے بجلی کی قیمت سو روپے فی یونٹ تک لے جائے گی جبکہ پیٹرول مزید مہنگا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت چھٹہ ہاؤس کے باہر پنجاب پولیس نے قیدی وین لگائی ہوئی ہیں اور ریلی نکالنے کی درخواست دی اس کی بھی اجازت نہ دی گئی250 سے زائد ورکرز کی موٹر سائیکلز کو ضبط کر لیا گیا، کارنر میٹنگ کے لیے گئے تو پولیس نے چھاپہ مار کر 500 کارکنان کو زدو کوب کیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ ڈاکٹر عثمان آئی جی پنجاب ایک کرپٹ آدمی ہے آئی جی اپنی فورس کا تحفظ بھی نہیں کرسکتا آر پی او شیخوپورہ کو وزیرآباد کا چارج دیا گیا ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چھٹہ ہمارے امیدوار کے مخالف کا قریبی رشتہ دار ہے، کرپٹ ترین انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہ سب پنجاب کے دیگر حلقوں میں بھی ہونے جا رہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر آج کل برازیل کے مزے لینے گئے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو کینڈا کا سفیر لگانے کا وعدہ کیا گیا ہے، کئی پولنگ بوتھ 30 کلومیٹر دور بنا کر پری پول دھاندلی کا آغاز کیا گیا ہے، پاکستان اس طرح کی دھاندلی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے ایک ٹاک شو میں کہا کہ جنرل (ر) باجوہ نے ہم سے گفت و شنید کی، کورونا کے بعد پوری دنیا لاک ڈاؤن میں گئی، ایک شخص عمران خان تھا جس نے کہا یہ سب نہیں ہونے دوں گا، دنیا کی گروتھ ریٹ نیچے جا رہی تھی پاکستان میں کاروباری مواقع بڑھے، لندن پلان بنا اور پی ڈی ایم کی حکومت آگئی اور پی ڈی ایم حکومت میں معشیت کو دھڑام سے گرا دیا گیا ڈار صاحب وزیر خزانہ تھے اور گروتھ ریٹ منفی میں چلی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بے ساکھیوں پر بنی فارم 47 کی حکومت نے پہلے بجلی اور اب پٹرول مہنگا کر دیا ایک سال پہلے کہا تھا بجلی 85 روپے فی یونٹ تک جائے گی، آج بتا رہے ہیں کہ بجلی 100 روپے فی یونٹ تک جائے گی، پٹرول بم جو گرایا گیا ہے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی لگائی جائے گی۔
میڈیازا نیوز ویڈیوز دیکھنے کہ لئے یہاں کلک کریں
