ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں 38 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروں، ہلکی کمرشل گاڑیوں، پک اپس اور جیپوں کی فروخت مارچ میں 3 فیصد تنزلی کے بعد 9 ہزار 379 یونٹس رہ گئی، جس کا حجم فروری میں 9 ہزار 709 یونٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران مذکورہ گاڑیوں کی فروخت 38 فیصد کمی کے بعد 69 ہزار 78 یونٹس رہی، جس کا حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایک لاکھ 10 ہزار 898 یونٹس رہا تھا، کمی کے رجحان کی وجہ 22 فیصد کی غیر معمولی شرح سود کے سبب آٹو فنانسنگ میں کمی، بڑھتی قیمتیں اور صارفین کی قوت خرید کا سکڑنا ہے۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مارچ کے دوران 21 ہزار 233 کے مقابلے میں ٹریکٹرز کی فروخت 66 فیصد بڑھ کر 35 ہزار 199 یونٹس رہی، جس کی بنیادی وجہ سیلاب کے نتیجے میں کم بیس ہے، اس کے برعکس ٹرکوں، بسوں اور موٹرسائیکل اور رکشوں کی فروخت بالترتیب 45 فیصد، 39 فیصد اور 10 فیصد گری۔
میڈیازا نیوز ویڈیوز دیکھنے کہ لئے یہاں کلک کریں
