سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفد کے ہمراہ منگل کو چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کے لیے باہمی مفادات اور پالیسیوں پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت کو اجاگر کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وفد کے دورے کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے لیے اس عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے وفد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور دونوں ریاستوں کے لیے بات چیت کے باہمی فائدہ مند نتائج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سےسعودی عرب کو سرمایہ کاری پر راغب کرنے کی کوششوں کے بعد سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد پیر کو پاکستان پہنچا ہے۔سعودی عرب سے آنے والے وفد میں اہم وزراء اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
میڈیازا نیوز ویڈیوز دیکھنے کہ لئے یہاں کلک کریں
