ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی صدر اور شہباز شریف کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پاکستانی قوم آپ کےدورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ایرانی صدر نے پرتپاک استقبال پر وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تعلقات کے فروغ، تعاون بڑھانے، تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ، جب کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایرانی صد کوگارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر کے ساتھ پودا لگایا، ایرانی صدر کا وفاقی وزراء سے تعارف بھی کرایا گیا۔




